Wednesday, July 10, 2019

بہو کی تلاش #Hunbli

*بہو کی تلاش *


عصرِ حاضر میں ایک ماں بہو کی تلاش کا قصہ سناتی ہے۔۔۔ ایک مزاحیہ نظم ملاحظہ کریں!

بیٹے کے واسطے مجھے دُولہن کی ھے تلاش۔
پھرتی ہوں چار سُو لئے اچھی بہو کی آس۔

لیکن کھلا کہ کام یہ آساں نہیں ھے اب۔
خود لڑکیوں کی ماؤں کے بدلے ہوئے ہیں ڈھب۔

پڑھ لکھ کے لڑکیاں بھی ہیں کاموں پہ جارہیں۔
لڑکوں سے بڑھ کے بعض ہیں پیسے کما رہیں۔

 معیار شوہروں کا کُچھ ان کی نظر میں ھے۔
مشکل کوئی سماتا دلِ معتبر میں ھے۔

اک ماں سے رابِطہ کیا رشتے کے واسطے۔
کہنے لگی گھر آنے کی زحمت نہ کیجئے۔

لڑکی ھے بینک میں وہیں لڑکے کو بھیجئے۔
"سی۔وی" بھی اپنی ساتھ وہ لے جائے یاد سے۔

مل لیں گے ہم بھی بیٹی نے"او کے" اگر کیا۔
ورنہ زیاں ھے وقت کا ملنے سے فائدہ؟

اک اور گھر گئے تو نیا تجرِبہ ہوا۔
لڑکی کی ماں نے چُھوٹتے ہی بر ملا کہا۔

نوکر ہیں کتنے آپ کے گھر میں بتائیے؟
ہر بات کھل کے کیجئے، کچھ نہ چھپائیے۔

بیٹی کو گھر کے کام کی عادت نہیں ذرا۔
اس کے لئے تو کام کچن کا ھے اک سزا۔

شوقین ھے جو لڑکا اگر دال، ساگ کا۔
لڑکی کی پھر نگاہ میں "پینڈو" ھے وہ نِرا۔

برگر جسے پسند ہو ، پیزا جسے پسند۔
رُتبہ نگاہِ حُسن میں اُس کا ہی ہے بلند۔

اک اور گھر گئے تو طبیعت دہَل گئی۔
پاؤں تلے سے گویا زمیں ہی نکل گئی۔

پوچھا ہمیں جو لڑکی نے نظروں سے ناپ کے۔
کیا کیا پکانا آتا ھے بیٹے کو آپ کے؟

گر شوق ھے کُکِنگ کا تو بے شک سلیکٹ ھے۔
بیڈٹی بھی گر بنا نہ سکے تو رِیجکٹ ھے۔

گو تیز ہوں مزاج کی، دل کی بھلی ہوں میں۔
چونکہ اکیلی بیٹی ہوں لاڈوں پلی ہوں میں۔

اِک گھر کیا جو فون تو لڑکی ہی خود ملی۔
کہنے لگی کہ گھر پہ نہیں ہیں مدر مری۔

کہتی تھیں فون آئے گا رشتے کے واسطے۔
شادی جِسے ھے کرنی وہ بات آپ ہی کرے۔

فرصت نہیں ھے مجھ کو ملاقات کےلئے۔
گھر لوٹتی ہوں جاب سے آنٹی میں دیر سے۔

ہاں چاھے بیٹا آپ کا گر جاننا مجھے۔
کہیئےکہ فیس بُک پہ مجھے ایڈ وہ کرے۔

لکھ لیجئے احتیاط سے آپ آئی ڈی مری۔
موجود فیس بُک پہ میں ہوتی ہوں ہر گھڑی۔

اِک دوسرے کو کرلیں گر انڈرسٹینڈ ہم۔
بعد اس کے ہی بجائیں گے شادی کا بینڈ ہم۔

اک اور گھر گئے تو عجب حادثہ ہوا۔
لڑکی نے بےدھڑک مرے بیٹے سے کہہ دیا

ورکنگ ہوں میں، سو ہیں میرے کچھ مرد بھی    " فرینڈ"
اُمید ھے کہ آپ یہ کرتے ہیں "انڈرسٹینڈ"۔

دُنیا نکل گئی ھے کہاں سے کہاں جناب۔
اب بھول جائیں آپ بھی غیرت کا وہ نصاب۔

جس گھر گئے، وہاں ہمیں جھٹکے نئے لگے۔
'حنبلی ' ہمارے ہاتھوں کے طوطے ہی اُڑ گئے۔

آخر کھلا یہ راز کہ اپنی ہے سب خطا۔
بیٹے کی تربیت میں بہت رہ گیا خلا۔

کھانا پکا سکے جو نہ چائے بنا سکے۔
وہ کس طرح سے آج کی لڑکی کو بھا سکے۔

لڑکی کے دوستوں سے بھی ہنس ہنس کے جوملے۔
دل میں نہ لائے رنج، نہ ہونٹوں پہ ہوں گلے۔

بیوی کے وہ مزاج کا ہر پل غلام ہو۔
تیور اُسی کے دیکھتا وہ صبح و شام ہو۔

پڑھ لکھ  کے لڑکیوں کا رویہ بدل گیا۔
بے شک زمانہ چال قیامت کی چل گیا


No comments:

Post a Comment

Fazilat of Zil Hajj ... By #Hunbli

🌷💜💚عشرہ ذوالحجہ کی فضیلت💚💜🌷 یکم ذی الحج سے 10 ذی الحج تک کے مستحب اعمال   وجہ تسمیہ:- ذوالحجہ اسلامی سال کا 12 واں مہینہ ہے- ذوالحجہ ک...